پاکستان، چین اور افغانستان دہشت گردی کے خلاف متحد ہوگئے, افغان طالبان کو افغان امن عمل میں شریک ہونے کی دعوت دے دی گئی
پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا پہلا سہ فریقی مذاکراتی اجلاس بیجنگ میں ہوا۔ اجلاس میں افغان امن عمل اور سی پیک پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق سہہ فریقی مذاکرات میں دہشت گردی سےنمٹنے کے لئے عزم کااعادہ کیا گیا اور انسداددہشت گردی کےلئےتعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ تینوں ممالک نے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ تینوں ممالک نے اپنی سرزمین کسی دوسرےملک کےخلاف استعمال نہ ہونےکی یقین دہانی کرائی۔ پاکستان،افغانستان اور چین انسداددہشت گردی تعاون کےلئےمفاہمتی یادداشت پرمشاورت جاری رکھیں گے۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان، افغانستان اور چین نے افغان طالبان کو امن عمل میں شریک ہونے کی دعوت دی اور کہا کہ افغانستان میں قیام امن افغانوں پر مشتمل مفاہمتی عمل کےذریعےممکن ہے۔ اجلاس میں باہمی سیاسی اعتماد، مفاہمت، ترقیاتی تعاون، روابط اور سلامتی تعاون پر بھی غور کیا گیا۔ ون بیلٹ ون روڈ کے تحت باہمی فوائد کے حصول پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ سہہ ملکی وزرائے خارجہ اجلاس چین کی میزبانی میں ہوا جبکہ دوسرا اجلاس 2018میں کابل میں منعقد ہوگا۔