آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں خشک سردی کی لہر برقرار ہے۔ پنجاب کے بعض علاقوں میں صبح اور رات کے وقت چھانے والی دھند نے ڈرائیوروں کو مشکلات میں ڈال رکھا ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں اسکردو،دیامر، اوراستور میں موسم سرد اور خشک ہے۔تین روز سے برفباری بند ہونے کے باوجود رابطہ سڑکوں کو کھولنے کا کام شروع نہیں کیا گیا۔جس کی وجہ سے کٹی شو،کھرمنگ اور دیگرعلاقوں کا رابطہ منقطع ہے۔ جبکہ نانگا پربت اور بٹوگا ٹاپ پر ہلکی برفباری ہورہی ہے۔مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز میں بھی سردی کی شدت برقرارہے۔ پنجاب کے علاقوں ملتان،چیچہ وطنی اور ملحقہ علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔