لاہور ( نمائندگان +این این آئی) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 135واں یوم پیدائش ملک بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں کیڈٹ کالج کے چاک و چوبند گارڈز نے ذمہ داریاں سنبھالیں۔ گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے قائداعظم کے مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے جنوبی ایشیا کے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی کوششوں سے مملکت پاکستان وجود میں آئی۔ دن کا آغاز بھر میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعاﺅں سے ہوا ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی۔ اخبارات نے خصوصی ایڈیشن اور ریڈیو ٹی وی چینلوں نے خصوصی پروگرام پیش کئے جن میں قائداعظم محمد علی جناح کی ملکی و ملی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ملک بھر میں اہم عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا اور سرکاری و نجی سطح پر بڑی تعداد میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں قیام پاکستان کی تحریک کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی گئی۔
یوم قائد
یوم قائد