لاہور/ شیخوپورہ (سٹاف رپورٹر+ نیوز رپورٹر+ نامہ نگار خصوصی) لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی گھنٹوں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کی زندگی اجیرن بنا دی جبکہ گیس کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپکو نے ملک بھر میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز ایک روز قبل ہی کر دیا۔ گذشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں میں 25دسمبر کی چھٹی کے باوجود 10گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی، گنجان آباد علاقوں میں بجلی مسلسل 4گھنٹے بند رہی، 18کے قریب بجلی کے فیڈر بھی بند ہوتے رہے۔ دوسری طرف شہر کے اکثر علاقوں لٹن روڈ، مزنگ، اچھرہ، مغل پورہ، دھرم پورہ، تاجپورہ، والٹن روڈ، شمالی لاہور، اندرون لاہور لوہاری گیٹ، بھاٹی گیٹ، نیا بازار چوک متی، فیکٹری ایریا، سنت نگر، اسلام پورہ، شالا مار اور شاہدرہ میں گیس دن کے24میں سے10گھنٹے تک غائب رہنا شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے مکین صبح کا ناشتہ اور رات کا کھانا باہر سے کھانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ادھر سوئی ناردرن کے نئے شیڈول کے مطابق کل 27 سے31 دسمبر تک لاہور، شیخو پورہ، اور ساہیوال ریجنوں میں انڈسٹری کو گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند رہیگی۔گجرات اور نواحی علاقوں میں واپڈا کی جانب سے 16سے 18گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا، رہی سہی کسر گیس کی بندش نے پوری کر دی ہے۔ ٹوبہ اور نواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15گھنٹے سے تجاوز کر گیا جبکہ سرگودھا میں بجلی اور گیس کی غیراعلانیہ 14-14گھنٹے بندش نے صارفین کو مسائل سے دوچار کر دیا۔ شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں صبح 6بجے تا 10بجے تک اور شام 4بجے تا رات 10بجے تک گیس بند رہنے لگی جس سے لوگوں کو ناشتہ اور رات کو کھانا پکانے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے اس کے علاوہ واپڈا کی طرف سے بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا اور گھنٹہ گھنٹہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے۔
لوڈشیڈنگ
لوڈشیڈنگ