سرگودھا (نمائندگان) گرفتار امریکیوں کو جمعة المبارک کے روز پولیس نے عدالت میں پیش کرکے ان کا مزید 10 روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کینٹ پولیس کی طرف سے 9 دسمبر 2009ءکو حراست میں لئے جانیوالے پانچ غیرملکی امریکیوں کو 25 دسمبر کی تعطیل کے روز پولیس نے ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد اسلم وانی وال کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو ان گرفتار امریکیوں سے مزید تفتیش کیلئے ریمانڈ دیا جائے تاکہ ان سے انٹیروگیشن کے عمل کو آگے بڑھایا جاسکے جس پر عدالت نے ان کو مزید دس روز کے ریمانڈ پر پولیس کی دوبارہ تحویل میں دیدیا۔ ان کو اب 4 جنوری 2010ءکو عدالت انسداد دہشت گردی میں پیش کیا جائیگا۔ دوران پیشی پولیس نے احاطہ عدالت کے چاروں اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کررکھے تھے اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ ڈی پی او ڈاکٹر عثمان انور جو تفتیشی ٹیم کے سربراہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے جو اب آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور مقدمہ کیونکہ سرگودھا کے تھانہ کینٹ میں درج ہے اس لئے اس کا ٹرائل بھی سرگودھا کی عدالت میں ہی ہوگا۔ قبل ازیں درج ہونیوالی ایف آئی آر میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کرلئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کو ڈیپورٹ کرنے کے بارے میں مجھے کچھ علم نہیں۔ اس کا فیصلہ تو حکومت ہی کریگی اور پاکستانی قوانین کے مطابق ہی پولیس مقدمہ کو چالان کرکے عدالت میں بھجوائیگی۔ یاد رہے کہ ملزمان کا قبل ازیں بھی دس روز کیلئے ریمانڈ دیا گیا تھا۔ اب مزید دس روز اضافہ کیا گیا ہے۔
گرفتار امریکی
گرفتار امریکی