لاہور (خصوصی رپورٹر + اے ایف پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے جوش و جذبے سے کرسمس کا تہوار منایا۔ اس موقع گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات سے منعقد کی گئیں۔ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں پر چراغاں کیا گیا۔ گرجا گھروں میں آنے والے مسیحی بھائیوں‘ بہنوں اور بچوں کی دعائیہ تقریبات کے بعد چائے پانی سے تواضع کی گئی۔ مسیحیوں نے کرسمس کے دن دوستوں اور رشتہ داروں کے گھروں پر جا کر کرسمس کی مبارکباد دی۔ جبکہ پوپ بینیڈکٹ نے ویٹی کن سٹی میں کرسمس کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خود غرضی سے بچنے کی تلقین کی۔ پوپ کا کہنا تھا کہ خود غرضی خواہشات کی غلامی کا باعث بنتی ہے اور یہ خواہشات سچ کی راہ میں حائل ہو کر لوگوں کو ایک دوسرے سے دور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے کیتھولک کرسچن اپنی اپنی دنیا سے نکل کر متحد ہو جائیں۔ موجودہ دور میں امن اور بقائے باہمی کے لئے مکمل رواداری اور برداشت کی ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی اور گروہی مفادات نے انسانوں کو خواہشات کا غلام اور مفادات کا اسیر بنا کر ایک دوسرے سے بہت دور کر دیا ہے۔ تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
کرسمس ڈے
کرسمس ڈے