اسلام آباد (محمد نواز رضا) میاں نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) سرحد اور میٹروپولیٹن راولپنڈی کے الگ الگ اجلاس آج پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں طلب کر لئے ہیں۔ سرحد کے رہنماﺅں سے میٹنگ میں سرحد کے متبادل نام پر غور اور مانسہرہ II میں قومی اسمبلی کی خالی نشست پر پارٹی امیدوار کیلئے مشاورت کی جائیگی جبکہ راولپنڈی کے کارکنوں کو ظہرانہ دیا جائیگا اور خطاب کے دوران حلقہ این اے 55 کیلئے پارٹی امیدوار کا اعلان کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق اے این پی کے قائدین نے نواز شریف سے رابطہ کر کے صوبہ سرحد کا نام تبدیل کرنے کیلئے لچک کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے یہ پیشکش بھی کی ہے کہ مسلم لیگ (ن) سرحد کا نام افغانیہ رکھنے کی حمایت کرے تو اے این پی بھی پختونخواہ کیلئے اصرار نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) سرحد کا نام خیبر، نیلاب یا اباسین رکھنے کے حق میں ہے۔ آج کے اجلاس میں اسی معاملے پر غور کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی کے 300 کارکنوں کے اجلاس میں وزیراعلیٰ شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی خان بھی شریک ہونگے۔ ذرائع کے مطابق این اے 55 کے امیدوار کیلئے نواز شریف نے مشاورت مکمل کر لی ہے اور آج شکیل اعوان کو امیدوار نامزد کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے گیلپ سمیت 3 اداروں سے سرورے کرا کے حلقہ میں پارٹی کی پوزیشن مستحکم ہونے کی رپورٹ ملنے پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ گیلپ سروے کے مطابق حلقے میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت 58 فیصد ہے۔
اے این پی/ پیشکش
اے این پی/ پیشکش