اسلام آباد (مانیٹرنگ نیوز) اسلام آباد میں خودکش حملے میں تباہ ہونیوالا میریٹ ہوٹل جزوی طور پر اتوار سے دوبارہ کھول دیا جائیگا جبکہ پورا ہوٹل مارچ میں کھلے گا۔ ہاشو گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر پیٹر ایلکس نے غیرملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ہوٹل میں سکیورٹی کے نئے تصورات متعارف کرائے گئے ہیں۔ یہ ہوٹل پاکستان کا فورٹ نوکس ہوگا۔ فورٹ نوکس امریکی ریاست کینٹکی میں وہ جگہ ہے جہاں ملٹری بیس ہے اور یہاں امریکی محکمہ خزانہ کے سرکاری ذخائر رکھے ہوئے ہیں۔ مہمانوں کو ہوٹل کے اندر جانے کیلئے ایک بم پروف کمرے سے گزرنا ہوگا ۔ہوٹل میں کوئی پارکنگ نہیں ہوگی حتیٰ کہ وی آئی پی شخصیات کو لانے والی گاڑیاں مہمانوں کو ہوٹل کے فرنٹ گیٹ پر اتاریں گی۔ ستمبر میں میریٹ ہوٹل پر کئے گئے خودکش حملے میں 60 افراد ہلاک اور 260 زخمی ہوئے تھے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024