شمالی وزیر ستان سے ملحقہ سرحد پر نیٹو فوج کی مشقیں شروع ‘ افغانستان میں انسداد منشیات مشن روکدیا گیا
میرانشاہ +کابل(اے ایف پی+اے پی پی) افغانستان میں تعینات نیٹو فورسز نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ افغان سرحد کے قریب فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ نیٹو نے افغانستان میں اپنے انسداد منشیات کے مشن پر عملدرآمد روک دیا۔ جبکہ اتحادی فوج نے طالبان کے کمانڈر ملا داؤد کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ نیٹو کے سپریم اتحادی کمانڈر جنرل جان کریڈوک نے کہا کہ افغانستان میں مزاحمتی سرگرمیوں کو جلا دینے والی منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والے سرمائے کو روکنا بہت مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض نیٹو رکن ممالک جن میں جرمنی، پولینڈ، سپین اور اٹلی شامل ہیں نے کہا ہے کہ انسداد منشیات کے آپریشنز فوج کا نہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے ۔ دریں اثناء اتحادی افواج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال شمالی صوبہ بغلان میں خود کش حملے کے ماسٹر مائینڈ ملا دائود کو ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران صوبہ بغلان سے اس کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔