اسلام آباد (ریڈیو نیوز + خبر نگار خصوصی) محرم الحرام کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے حکومت اور تمام مسالک کے علماء کرام میں 10 نکاتی امن پیکج پر اتفاق ہو گیا ہے۔ وزارت داخلہ اسلام آباد میں ملاقات کے بعد سینیٹر مولانا عباس کمیلی‘ علامہ فاروق حیدر عابدی‘ ڈاکٹر سرفراز نعیمی‘ مفتی منیب الرحمن اور دیگر علماء کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر تمام مکاتب فکر اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ محرم الحرام میں قیام امن کو ممکن بنایا جبکہ فرقہ واریت سے گریز کرتے ہوئے امت کے اتحاد کے لئے کام کیا جائے گا۔ اس موقع پر علماء کرام نے بتایا کہ دس نکاتی پیکج کے تحت علماء کرام خودکش حملوں کے خلاف جاری فتویٰ کی مکمل حمایت کریں گے۔ لاؤڈ سپیکر کا استعمال ضرورت کے مطابق ہو گا۔ فرقہ وارانہ منافرت پر مشتمل تقاریر نہیں کی جائیں گی۔ باہمی مشاورت جاری رکھی جائے گی‘ اپنا مسلک نہ چھوڑو‘ دوسرے کا مسلک نہ چھیڑو کے فارمولے پر عمل کیا جائے گا‘ اعتدال پسندی اختیار کی جائے گی اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر علماء نے اعلان کیا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو تمام مسالک اختلاف بھلا کر مسلح افواج اور قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ مشیر داخلہ سے ملاقات کرنے والوں میں فرقان علی عابدی‘ مولانا فیاض بخاری‘ راشد ترابی ذوالفقار نقوی‘ مولانا غفار‘ مولانا اسد عالم‘ منصور عباس علوی‘ مولانا ایاز زاہد‘ قاری حنیف جالندھری بھی شامل تھے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024