پی سی بی نے سری لنکا کیخلاف سیریز محفوظ بنانے کیلئے صدر زرداری سے مدد مانگنے کا فیصلہ کر لیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کو محفوظ بنانے کیلئے صدر پاکستان آصف علی زرداری سے مدد مانگنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کرینگے۔ جس میں وہ انہیں کہیں گے کہ حکومتی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان 19 جنوری سے شروع ہونے والی سیریز کے ہوم گرائونڈ پر انعقاد کیلئے خصوصی کردار ادا کریں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کہ سری لنکا کی طرف سے بعض خبریں آ رہی تھیں کہ بورڈ کی نئی انتظامیہ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے سابقہ انتظامیہ کے فیصلے پر غور شروع کر دیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ رانا ٹنگا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو رضامندی ظاہر کی تھی کی ان کی ٹیم بھارت کی جگہ پاکستان سے سیریز کھیلنے کیلئے راضی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے معاہدہ ہوا تھا جس کا آغاز 19 جنوری سے ہوا ہے۔ تاہم سری لنکا کے وزیر کھیل کی طرف سے سری لنکا کرکٹ بورڈ تحلیل کئے جانے کے بعد سوالیہ نشان سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں کہ آیا یہ سیریز ہو گی یا نہیں۔ سری لنکا سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ان کے وزیر کھیل نے صدر مہندرا راجہ پکاسا اور وزیر خارجہ سے بھی ہدایات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ صدر پاکستان اور پیٹرن انچیف پی سی بی آصف علی زرداری سے کہیں گے کہ وہ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔