فلسطین کی آزادی اور حق واپسی تک فدائی حملے جاری رکھیں گے:حماس
غزہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت’’حماس‘‘کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن اور سابق فلسطینی وزیرخارجہ ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا کہ فلسطینی قوم وطن کی آزادی اور حق واپسی کے حصول تک فدائی حملوں سمیت تمام مزاحمتی طریقے استعمال کریں گے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی قوم کے نوجوانوں کی طرف غاصب دشمن کے خلاف مزاحمت اس امر کا اظہار ہے کہ فلسطینی قوم کی نئی نسل کو وطن عزیز پردشمن کا غاصبانہ قبضہ قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ارض فلسطین کے کسی حصے پرغاصب دشمن کا قبضہ قبول نہیں، فلسطینی قوم آزادی کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔ غرب اردن میں ’’دولیو‘‘ یہودی کالونی کے قریب بم حملہ اور ایک غاصب خاتون فوجی کی ہلاکت فلسطینی قوم کے رد عمل کا اظہار ہے۔خیال رہے کہ غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں ایک بم حملے کے نتیجے میں ایک خاتون فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔حماس رہنما ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا کہ فلسطینی قوم مزاحمت کے وسائل میں جدت لانے کی کوششیں جاری رکھے گی۔