غزہ: ہزاروں فلسطینیوں کا ’’واپسی مارچ‘‘ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے بیسیوں زخمی
غزہ (صباح نیوز)غزہ کی پٹی میں واپسی کے عظیم مارچ میں حصہ لینے والے ہزاروںپر امن مظاہرین پر اسرائیلی فائرنگ سے بیسیوں فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔وزارت صحت نے کہا کہ 122 فلسطینیوں کو براہ راست گولیوں اور اشک آور گیس کے گولوں کی وجہ سے مختلف نوعیت کے زخم آئے جن میں طبی عملے کے تین لوگ بھی شامل ہیں۔واپسی کا عظیم مارچ مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں آتش گیر حملے کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔دوسری جانب قابض اسرائیلی فوجیوں نے رملہ سے 3 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔قابض اسرائیلی فوجیوں نے رملہ کے مغرب میں عین اریک گائوں میں دو نوجوانوں کے گھر پر ہلہ بولا اور ان کے گھر کی تلاشی لینے کے بعد انہیں ساتھ لے لئے۔ اسرائیلی فوجی مین انریک گائوں میں متعدد دکانوں اور گھروں میں گھسے اور کیمرے ضبط کر لئے۔