10 خودکشیاں‘ گوجرانوالہ میں دیور اور بھابھی نے زہریلی گولیاں کھا کر جان دیدی
گوجرانوالہ/ فیصل آباد/ ساہیوال/ میانوالی/ کلور کوٹ/ اوکاڑہ (نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران + صباح نیوز) گوجرانوالہ کے قریب دیور اور بھابھی نے مبینہ طور زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے ببن سندھواں میں پیش آیا‘ جہاں شازیہ نامی خاتون اور اس کے دیور ثاقب نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔خودکشی کرنے والی خاتون شازیہ کی شادی تین ماہ قبل فیصل سے ہوئی تھی‘ تاہم وہ اپنے شوہر سے طلاق لے کر اس کے چھوٹے بھائی ثاقب سے شادی کرنا چاہتی تھی۔پولیس کے مطابق اسی بات پر دونوں میں جھگڑا ہوا تو شازیہ نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ شازیہ کی موت کا سن کر اس کے دیور ثاقب نے بھی زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔دونوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ فیصل آباد کے نواحی علاقہ 225ر۔ب ملکھانوالہ کے 26سالہ علی رضا نے کالا پتھر نگل لیا جسے حالت غیر میں مبتلا ہونے پر سول اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ علاوہ ازیں مدینی ٹاؤن کے رہائشی 27سالہ محمد افضل نے گھریلو جھگڑے پر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے حالت بگڑنے پر ڈی ایچ کیو لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی کوشش کے باوجود زندگی کی بازی ہار گیا۔ عیسیٰ خیل کے نور محمد ترکھان کی بیٹی جو کہ سسرال سے روٹھ کر میکے آئی ہوئی تھی نے زہریلی گولیاں کھا لیں فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال لیجایا گیا ڈاکٹر نے معدہ واش کرنے کی سعی کی حالت بگڑنے پر ریفر کر دیا لواحقین چشمہ لے گئے وہاں لڑکی کی موت ہوگئی۔ عیسیٰ خیل پولیس کو اطلاع کی گئی نعش لواحقین اسپتال برائے پوسٹمارٹم لے آئے لواحقین کے مطابق انتظامیہ مختلف حیلے بہانے کرتی رہی آخرمیں کہاکہ لیڈی ڈاکٹر رخصت پر ہے نعش کالا باغ اسپتال لے جائیں لواحقین نے نعش سڑک پر رکھ کر اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ ساہیوال کے نواحی چک 101/6Rکے سلطان کے بیٹے اعجاز 32سالہ نے گھریلو تنا زعہ پر والدین سے جھگڑ کر زہر پی لیا۔ نیو پاکپتن کے فیاض احمد کے بیٹے فہیم 33سالہ نے گھریلو تنا زعہ پر والدین سے جھگڑ کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گو لیاں کھا کر خود کشی کر لی۔ دادڑہ بالا کے غلام عباس کی 20سالہ بیوی سکینہ نے گھریلو مسئلہ پر زہر پی کر خود کشی کر لی۔تینوں کو بے ہو شی کی حالت میں سول اسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں تینوںدم توڑ گئے۔کلورکوٹ کے قریبی علاقہ 48 ڈی بی ضلع خوشاب کے نوجوان محمد خلیل مغل نے گزشتہ روزکلورکوٹ کے قریب تھل کینال نہر میں چھلانگ لگا جس کی اطلاع ورثاء نے نعش کی تلاش شروع کر دی ورثا کے مطابق محمد خلیل کا ذہنی توازن درست نہیں تھا‘ نعش نہ مل سکی۔ تھانہ حویلی لکھا کے گائوں موضع چشتی کی 20سالہ مقصوداں بی بی زوجہ محمد بخش کی سسرالی گھر میں مبینہ طور پر کسی سے تنازعہ تھا جس پر اس نے زہریلی گولیاں نگل لیں جس سے اس کی حالت تشویشناک ہو گئی اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی مقصوداں بی بی دم توڑ گئی۔
خودکشیاں