نوازشریف کو دلوں سے نہیں نکالاجاسکتا،انہیں چوتھی بار بھی آپ نے وزیراعظم بنوانا ہے: مریم نواز
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)پہلے بھی منظم تھی اور اب بھی منظم ہے اور نواز شریف عوامی لیڈر ہیں انہیں دلوں سے باہر نہیں نکالا جاسکتا۔ہفتہ کو ماڈل ٹائون لاہور میں سابق وزیر اعظم کی بیٹی مریم نواز با ضابطہ طور پر این اے 120 کی انتخابی مہم میں شریک ہوئیں جہاں تمام مسلم لیگ (ن)کی مقامی قیادت نے مریم نواز کو اپنے حلقوں کے مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا جس پر مریم نواز نے انہیں تمام مسائل اور تحفظات ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر مریم نوازنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام یو سیز کے مسائل کو حل کیا جائے گا، ایک ایک یو سی اور ان کے چیئرمین کے ساتھ خود ملاقات کروں گی، مسلم لیگ(ن)پہلے بھی منظم تھی اور اب بھی منظم ہے، نواز شریف عوامی لیڈر ہیں انہیں دلوں سے باہر نہیں نکالا جاسکتا، حلقہ این اے 120کا الیکشن ہر پارٹی کارکن کی جیت کا الیکشن ہے جسے ہر صورت کامیاب کرنا ہے، نواز شریف کو چوتھی بار بھی آپ نے وزیراعظم بنوانا ہے۔واضح رہے کہ مریم نواز اپنی والدہ کی انتخابی مہم کی نگرانی کریں گی اورانتخابی مہم کے دوسرے مرحلے میں مریم نوازجلسوں سے خطاب کریں گی۔