گوجرانوالہ: کرپشن الزامات ، اسسٹنٹ کمشنر سمیت 8 سرکاری ملازمین کیخلاف مقدمہ کا حکم
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن محمد الیاس گل نے کرپشن، دھوکہ دہی، فراڈ و اختیارات سے تجاوز کی مختلف انکوائریوں کا فیصلہ سناتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سمیت 8 سرکاری ملازمین اور 2 پرائیویٹ افراد کیخلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیدیا۔ ان ملازمین کیخلاف انکوائریاں مختلف ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز و سرکل افسران کے پاس زیرسماعت تھیں جن میں انکوائری افسران نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سرکاری ملازمین کو قصوروار قرار دیدیا تھا۔ منڈی بہاﺅ الدین کے علاقہ ملکوال کی زہرہ بیگم زوجہ فضل حسین اعوان نے اینٹی کرپشن حکام کو دی جانے والی درخواست میں الزام لگایا کہ اس کا نام ملی بھگت سے انتقال وراثت میں غائب کردیا گیا اور یوں اسے دانستہ طور پر قیمتی جائیداد سے محروم کردیا گیا جس پر ملکوال کے سابق تحصیلدار اور موجودہ اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان منور حسین سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا۔ دیگر ملزموں میں گرداور محمد سلیم، پٹواری فیض علی، نمبردار شفقت رضا اور دو پرائیویٹ افراد عصمت نواز اور محمد سرور شامل ہیں۔ جن دیگر اہلکاروں کیخلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے ان میں ایس ایچ او تھانہ کوٹ لدھا عرفان سلیم، محکمہ مال منڈی بہاﺅالدین کے پٹواری نذیر احمد، ڈسٹرکٹ اٹارنی دفتر کے کلرک سرفراز احمد اور ٹیوب ویل آپریٹر عمر فاروق شامل ہیں۔
کرپشن/ مقدمات