بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید لانس نائیک نیاز ککڑ ہٹہ میں سپرد خاک
کبیروالا‘ خانیوال(نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی)بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونےوالے پاک فوج کے لانس نائیک نیاز احمد کی کبیروالا کے نواحی علاقہ ککڑہٹہ میں فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین ،نمازجنازہ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخرامام ،فوجی افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت،پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی،صدر مملکت،چیف آف آرمی سٹاف،کورکمانڈر ملتان اور شہید کی متعلقہ بٹالین کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں،شہید کی نمازجنازہ میں ضلعی ومقامی پولیس حکام اور انتظامی افسران شریک نہیں ہوئے۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز سے پیوستہ آزاد کشمیر کے علاقہ کھوئی رٹہ میں بھارتی فوج کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونےوالے پاک فوج کے لانس نائیک نیاز احمد کی گزشتہ روز کبیروالا کے نواحی علاقہ ککڑہٹہ پہنچی تو علاقہ کی بھر فضاءپر سوگواریت چھاگئی اور اس موقع موجود شہید کے ورثااور اہل علاقہ کی آنکھیں اشکبار دکھائی دی ۔لانس نائیک نیاز احمد شہید کی نمازجنازہ مرکزی عیدگاہ ککڑہٹہ میں ادا کی گئی ،نمازجنازہ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخرامام،کرنل رضوان یوسف سمیت دیگر فوجی افسران،چیئرمین یونین کونسل سلارواہن سید محمد شاہ گردیزی،پریس کلب کبیروالا کے سیکرٹری ملک عمر طارق ،عمائدین علاقہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔شہید کی تدفین سے قبل پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر اور سلامی پیش کی ۔تدفین کے بعد پاک فوج کے دستے نے شہید لانس نائیک نیاز احمد کی لحد پر صدر پاکستان ممنون حسین ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ ،کورکمانڈر ملتان اور مجاہد بٹالین کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور دعا مانگی ۔شہید کی نمازجنازہ میں پولیس اور انتظامیہ کے ضلعی اور مقامی افسران شریک نہیں ہوئے ،پاک آرمی سے تعلق رکھنے والے ککڑہٹہ کے رہائشی محمد نواز مرحوم کے صاحبزادے اور نائب صوبیدار اعجاز حسین کے چھوٹے بھائی لانس نائیک نیاز احمد شہیداپنے پسماندگان میں والدہ،دو بھائی اعجاز حسین،سجاد احمد،بیوہ اور دو بیٹے6سالہ عبداللہ اور3سالہ عبدالقدوس سوگوار چھوڑے ہیں ۔