آرٹ انسانی تخلیق کے اظہار کا بہت موئثر ذریعہ ہے‘ انصر عزیز
اسلام آباد(وقائع نگار) آرٹ انسانی تخلیق کے اظہار کا بہت موئثر ذریعہ ہے اور آرٹ کے ذریعے ہم اپنے معاشرتی مسائل کا اداراک ا ور مداوا کر سکتے ہیں اور اس ضمن میں آرٹسٹ اپنا فعال کردار ادا کر رہے ہیں جو کہ قابلِ تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے مرکز F-6 میں گیلری 6- میں پینٹنگز کی نمائش کے موقع پر کیا۔ میئر اسلام آباد اس افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ہماری زندگی میں رونما ہونے والے واقعات اور معاشرتی اچھائی اور برائی کی عکاسی جتنی قابل فہم ایک فنکار کر سکتا ہے وہ کوئی اور نہیں کر سکتا کیونکہ فن کار بہت حساس ہوتا ہے اور احساس کے تصور سے جنم لینے والا فن اور آرٹ اپنے اند ر ایک انفرادیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی اسلام آباد میں فن، ثقافت اور تہذیب کے فروغ کے لیے پوری طرح سر گرمِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے اپنے سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ کو ازسرِ نو فعال بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں تاہم اسلام آباد مین کھیلوں کی سر گرمیوں اور تفریحی سہولیات کو فروغ دینے کے لیے شہریوں کا تعاون از حد ضروری ہے تاکہ اسلام آباد میں ایسی سر گرمیوں کو زیادہ با مقصد اور مفید بنایا جا سکے۔