عدالت حکم دے تو مشرف کو گرفتار کر کے پیش کر سکتے ہیں: احسن اقبال
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پرویز مشرف اب فوجی نہیں رہے بلکہ وہ سویلین اور سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، لہٰذا وہ ایک سیاسی کارکن ہیں، وہ بھی اسی طرح آئین و قانون کے آگے جواب دہ ہیں، جس طرح نواز شریف تھے، انہیں راہ فرار اختیار نہیں کرنی چاہیے بلکہ پاکستان آ کر اپنے مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے،، عدالت حکم دے تو پرویز مشرف کو گرفتار کر کے پیش کر سکتے ہیں، روس، چین اور دیگر کئی ممالک نے امریکی پالیسی مسترد کر دی اور پاکستان کے حق میں بیان دیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پورے ملک کو ایک کر دیا،نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں انہیں سیاست سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ جمعہ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کراچی میں کسی کو انتشار پیدا کرنے نہیں دیں گے، عدالتی فیصلے کی وجہ سے ملک کو 14ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، پاکستان افغانستان میں امن کےلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی چیک کرنا شروع کر دی، احسن اقبال اچانک تھانہ آبپارہ پہنچ گئے، وزیر داخلہ کے تھانہ آبپارہ پہنچنے پر پولیس افسروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیر داخلہ نے تھانے میں موجود شہریوں کی شکایات سنیں اور فوری ازالے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر داخلہ نے تھانہ آبپارہ میں ماڈل پولیس سٹیشن کے تعمیراتی کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔