مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی‘ کلثوم نواز کے متبادل امیدوار حافظ نعمان آزاد الیکشن لڑیں گے
لاہور (فرخ سعید خواجہ) نوازشریف کی نااہلی سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر 17 ستمبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن پر سب کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز امیدواروں کی دستبرداری کی آخری تاریخ تھی۔ پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت کا اعلان کیا۔ پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر اور جماعت اسلامی کے امیدوار ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ بھی میدان میں موجود ہیں۔ جیت کیلئے فیورٹ بیگم کلثوم نواز علیل ہیں اور ان دنوں لندن میں زیرعلاج ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ان کے کورنگ امیدوار کے طورپر سابق رکن پنجاب اسمبلی حافظ محمد نعمان کو اتارا ہے‘ تاہم انہوں نے کاغذات نامزدگی کی واپسی کے وقت مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی کے مطابق اپنے کاغذات واپس نہیں لئے ہیں۔ وہ نہ صرف آزاد امیدوار کی حیثیت سے موجود رہیں گے اور الیکشن کمشن‘ ریٹرننگ افسر اور انتظامیہ کے ساتھ امیدواروں کے اجلاسوں میں حافظ نعمان مسلم لیگ (ن) کے مفاد کا تحفظ کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اپنی والدہ کے پاس آج ہفتہ کو لندن جا رہی ہیں جبکہ میاں نوازشریف کے 29 اگست کو لندن جانے کا امکان ہے۔ بیگم کلثوم نواز کا الیکشن مسلم لیگ (ن) کی تنظیم اور کارکن پہلے کی طرح جوش و خروش سے لڑیں گے۔ مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کا ”کنوینر“ پرویز ملک اور کو ”کنوینر“ خواجہ احمد حسان کو مقرر کر رکھا ہے جبکہ این اے 120 میں شامل یونین کونسلوں کے ہر وارڈ میں انتخابی مہم کی نگرانی مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین یونین کونسل کو سونپی گئی ہے جن کی مانیٹرنگ ممبران پنجاب اسمبلی و قومی اسمبلی کے ذمے لگائی گئی ہے۔