امریکہ نے افغانستان کی تعمیر نو کیلئے ایک کھرب 4 ارب ڈالر امداد دی
اسلام آباد (جاوید صدیق) امریکہ نے گزشتہ 13 برس میں افغانستان کو تعمیرنو کیلئے ایک کھرب 4 ارب ڈالر کی خطیر رقم دی ہے۔ امریکہ کے سپیشل انسپکٹر جنرل برائے تعمیرنو افغانستان نے یہ اعداد و شمار حال ہی میں جاری کئے ہیں۔ امریکی انسپکٹر جنرل کے مطابق امریکہ نے افغانستان کو جو امداد دی اس میں سے 62 ارب ڈالر افغان فوج کی تنظیم نو کے لئے خرچ کی گئی۔ امریکہ کی طرف سے بھاری رقم افغانستان کو دیئے جانے پر افغانستان کے انگریزی اخبار ”کابل ٹائمز“ نے اپنے اداریہ میں حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ رقم اس رقم سے کہیں زیادہ ہے جو امریکہ نے دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ کو تعمیرنو کے لئے دی تھی۔ اتنے بڑے پیمانے پر اقتصادی امداد ملنے کے باوجود افغانستان کے شہر کھنڈرات کا نقشہ پیش کر رہے ہیں۔ افغانستان میں امریکہ کی بھاری سرمایہ کاری کے باوجود غریب اور امیر کا فرق انتہائی زیادہ ہو گیا ہے۔ امیر امیر تر ہو گیا ہے اور غریب غریب تر ہو گیا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ مستقبل میں کئی غیر ملکی این جی اوز افغانستان میں جاری منصوبوں سے ہاتھ کھینچ لیں گی جس سے صورت حال مزید خراب ہو جائے گی۔ اخبار نے لکھا ہے کہ کسی بین الاقوامی یا قومی ادارے کو بھاری امریکی امداد میں خورد برد کا سراغ لگا کر وہ رقوم برآمد کرنا چاہئیں ۔