چینی گروپ کا پا کستان میں نیٹ ورک وسیع کرنے کا فیصلہ
بیجنگ (آئی این پی ) چین کے 18ویں ریلوے بیور و گروپ نے پاکستان اور ہمسائیہ ممالک میں ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے تحت اپنا نیٹ ورک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گروپ کے چیئرمین وانگ زنگ زاﺅ نے یہاں جنوبی ایشیائی ممالک کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بین الملکی رابطوں اور وہاں بنیادی ڈھانچے کے فروغ پر توجہ مرکوز کر دی ہے تا کہ ان ممالک کوبیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے فوائد حاصل ہو سکیں ،گروپ بین الاقوامی مارکیٹ اور عالمی مقابلے میں شامل ہو چکا ہے، پاکستان میں اپنے کام کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپرسوات ٹنل اور دیگر منصوبوں میں کام کررہا ہے ، پاکستان ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا ایک اہم ملک ہے اور اس کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کے لئے لامحدود مواقع موجود ہیں جو کہ آنیوالے برسوں میں پاکستان کے عوام کیلئے بہت مفید ثابت ہوں گے ، گروپ نے 1995ءسے اب تک 56ارب چینی یوآن کے 180غیرملکی منصوبے حاصل کئے ہیں، گذشتہ پانچ برسوں کے دوران حاصل کئے گئے منصوبوں کی مالیت 20.1ارب چینی یوآن ہے جبکہ اب تک مکمل کئے گئے منصوبوں کی مالیت 12.6ارب یوآن ہے، گروپ نے جن منصوبوں کا معاہدہ کیا تھا ان میں سے بیشتر دس ممالک میں مکمل ہو چکے ہیں ،ان میں ایسے 38منصوبے بھی شامل ہیں جن کی مالیت 3.11ارب ڈالر ہے، وانگ زنگ زاﺅ کا کہنا تھا کہ ان کا گروپ بحری شاہراہ ریشم سے وابستہ ممالک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے، تمام منصوبوں پر کامیابی سے کام جاری ہے اور ابھی تک کسی حادثے کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور یہ تمام منصوبے عوام کی توقعات اور متعلقہ فریقین کی توقع کے عین مطابق ہیں ۔