سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ, ایک کروڑ 24لاکھ ڈالر ہو گیا
کراچی(این این آئی)رواں مالی سال کے ماہ جولائی کے دوران سمندری خوراک کی ملکی برآمدات میں 12 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2017 کے دوران ملک کی سمندری خوراک کی برآمدات کا حجم ایک کروڑ 24لاکھ73ہزارڈالر تک بڑھ گیا، اس طرح جولائی کے دوران13لاکھ55ہزار ڈالر یعنی 12.19 فیصد کی زائد برآمدات کی گئیں ۔ رپورٹ کے مطابق وزن کے لحاظ سے جولائی 2017 کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات میں 1128 میٹرک ٹن یعنی 31 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جولائی 2016 کی 3693 میٹرک ٹن برآمدات کے مقابلہ میں جولائی 2017کے دوران 4821 میٹرک ٹن سمندری غذائیں برآمد کی گئیں۔سندھ ٹرالرز اینڈ فشرمین ایسوسی ایشن (ایس ٹی او ایف ای)کے صدر حبیب اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ حکومت نے دو ماہ کے لئے مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کی تھی اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات بھی کئے تھے ۔