چین میں پاکستانی سفیر کی مدت ملازمت میں مزید دو سال کی توسیع
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چین میں پاکستان کے سفیر کی مدت ملازمت میں مزید دو سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے گزشتہ روز سینیٹ کے وقفہ سولات کے دوران بتایاکہ چینکے ساتھ تعلقات کی خصوصی نوعیت کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ اس وقت کل نوے لا کھ پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں جن میں سب سے زیادہ مشرق وسطیٰ میں 50 لاکھ،‘ امریکہ میں 10لاکھ‘ یورپ میں24لاکھ سے زائد ،افریقہ میں 1لاکھ 33ہزار افغانستان میں 71ہزار ملائشیا میں ایک لاکھ 20ہزار‘ چین میں 14 ہزار‘ جنوبی کوریا میں 11ہزار پاکستانی مقیم ہیں۔ اعظم خان سواتی نے اپنے سوال میں کہا کہ مواصلات کے محکمے میں ٹھیکیداروں کی جانب سے کرپشن کی جاتی ہے اس حوالے سے حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے ؟ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں عالمی معیار کو مدنظر رکھتا جاتا ہے۔ برہان انٹرچینج کے نزدیک سپیشل لیب بنائی گئی ہے سڑکیں ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔سینیٹر چوہدری تنویر کے سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ فاسفیٹک کھادوں پر سبسڈی سمیت 12.5 ایکڑ تک چاول کی پیداوار والے کسانوں کو فی ایکڑ پانچ ہزار فی ایکڑ روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ سینیٹر اعظم موسیٰ خیل نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کھاد کے مسائل ہیں یوریا لیجانے پر پابندی ہے۔ سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ یوریا کھاد سے بارود بنتا ہے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ یوریا کھاد سے دھماکہ خیز مواد بنانے کی وجہ سے بلوچستان میں اسی کی نقل و حرکت پر پابندی ہے وہاں کھاد جاتی ہے مگر غیر قانونی طریقے سے لیجانے پر پابندی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا اور تیس دن میں رپورٹ طلب کرلی ۔ چیئرمین سینٹ نے مسقط میں سرکاری طور پر بھرتی کئے گئے افراد کو این او سی جاری نہ کرنے کے حوالے سے وزارت خارجہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیز سے تفصیلات طلب کرلیں۔ وزیرپارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ سعودی عرب میں تعمیراتی کمپنیوں کے کام کی بندش کی وجہ سے پاکستانی بیروزگار ہورہے ہیں حکومت یہ چاہتی ہے کہ پاکستانی بیرون ملک جائیں تاکہ زرمبادلہ میں اضافہ ہوا۔ سینیٹر احمد حسن کے سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ چکدرہ کالام ایکسپریس وے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی کےلئے پی ایس ڈی پی 2016-17ءمیں 50 ملین روپے کی نشاندہی کی گئی ۔ 16 مارچ 2017ءکو این ایچ اے نے فزیبلٹی سٹڈی کا کنٹریکٹ دیا جو 5 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ ایوان کو آگاہ کیا گیا کہ او پی ایف میں ہر سال ٹیوشن فیس اور دیگر چارجز میں اضافہ نہیں کیا جاتا۔ دیگر چارجز پر 9 سال بعد نظرثانی کی گئی ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے برطانیہ میں سید ابن عباس ہائی کمشنر ہیں، فرسٹ سیکرٹری، سیکنڈ سیکرٹری سمیت 3 افراد نے اپنی تعیناتی کی مدت مکمل کر لی ہے، انہیں تبدیل کیا جا رہا ہے اور وہ واپس آ رہے ہیں۔