زندہ قومیں اپنے مسائل خود حل کرتی ہیں ، امریکی امداد کا باب بند کرنے کا وقت آگیا: شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے وقت آ گیا ہے کہ امریکی امداد کا باب بند کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا پاکستان انسانی جانوں‘ سرمائےاور املاک کی صورت میں بہت قربانیاں دے چکا۔ زندہ‘ باوقار قومیں اغیار کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے مسائل خود حل کرتی ہیں لہٰذا وقت آ گیا ہے کہ نرم الفاظ میں شکر گزار ہیں کہہ کر امریکی امداد کا باب بند کر دیا جائے۔ شہباز شریف نے کہا امریکی امداد پر مبالغہ آمیز تبصرے قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ جن قوموں نے بدیسی نسخوں کو ترجیح دی ان کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔ یہ موقع ہے کہ ہم اوروں سے منصفانہ اور باعزت سلوک کی امید رکھیں۔ مجھے یقین ہے پاکستانی قوم اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کسی ملک کو حق نہیں وہ تعاون کو جواز بنا کر پاکستانی عوام پر ناروا الزامات لگائے۔ کسی ملک کو فراخدلانہ تعاون کو جواز بنا کر بے جا مطالبات کا بھی حق نہیں۔