کراچی پیکج کے تحت انفرا اسٹرکچر کی بحا لی پر خصوصی توجہ دی جائیگی ، گورنر
کراچی ( وقائع نگار )گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک کے تمام حصوں کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے اور کراچی کی تعمیر و ترقی اور انفرا اسٹرکچر کی بحالی بھی وفاقی حکومت کے اسی وژن کا حصہ ہے جس کے تحت کراچی پیکیج کا وزیراعظم نے اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ملاقات کے لئے آنے والے میئر کراچی وسیم اختر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی میگا سٹی میں انفرا اسٹرکچر پر مسلسل سرمایہ کاری ضروری ہے تاکہ اسے پائیدار بنانے کے ساتھ مستقل بنیادوں پر استوار رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹے سے گھر کو بھی مسلسل دیکھ بھال اور مرمت کی ضرورت ہوتی ہے، کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی یہاں مسلسل سرمایہ کاری ، سہولیات کی فراہمی ، موجودہ سہولیات میں بہتری کی متقاضی ہے یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے لئے 25ارب کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس پیکیج کے تحت شہر کے انفرا اسٹرکچر خصوصی صنعتی علاقوں میں اس کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ملاقات کے دوران کراچی کے دیہی علاقوں کے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی اور طے کیا گیا کہ ان کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے وفاقی حکومت کو درخواست کی جائے گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروںکو کراچی میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے لئے بہترین انفرا اسٹرکچر کی دستیابی شرط اولین ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پیکیج کے ضمن میں گورنر سندھ کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس پیکیج کے ذریعہ کراچی کے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
گورنر سندھ