;; بھارت نے پاکستانی حساس اداروں کے ڈیٹا تک رسائی کا سافٹ ویئر تیار کر لیا
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) بھارت نے ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کیا ہے جس کے ذریعے ان کے آئی ٹی ماہرین نہ صرف حکومت پاکستان کے مختلف اداروں بلکہ پاکستان کی دفاعی افسران کے ای میل اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور جیسے ہی یہ ای میل اوپن کی جاتی ہے اس کمپیوٹر میں موجود تمام کا تمام ڈیٹا غیر محفوظ ہو جاتا ہے اور کوئی بھی اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ اس ضمن میں کیبنٹ ڈویژن کے ماتحت ادارے نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکورٹی بورڈ نے تمام وزارتوں / ڈویژن کو ہدایت جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ای میل جس کا عنوان ’’بھارتی آرمی نے پاک فوج کے ایک افسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد حنبیب کو نیپال سے اغواء کر لیا‘‘۔ یہ ای میل ایک جعلی ای میل اکاؤنٹ کے ذریعے ’’ان پیج‘‘ فارمیٹ میں بھیجی جا رہی ہے۔ اس ای میل کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد جیسے ہی اوپن کیا جاتا ہے۔ کمپیوٹر کے بیک گراؤنڈ میں وہ سافٹ ویئر متحرک ہو جاتا ہے جس سے اس کمپیوٹر میں موجود تمام کا تمام ڈیٹا ہیک کر لیا جاتا ہے۔ نیشنل ٹیکنالوجی سیکورٹی بورڈ نے تمام وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران کو ایسی ای میل سے خبردار رہنے کی ہدایات جاری کر دیں اور ایسی کی بھی ای میل کو اوپن کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اس سافٹ ویئر کا مقصد محض اہم اور حساس نوعیت کی معلومات تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ سیکورٹی بورڈ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ بھارتی ہیکرز کے اس حملے سے بچنے کیلئے ان پیج ورژن استعمال کرنے کی بجائے اردو زبان میں مائیکرو سافٹ ورڈ اور اردو ورڈ پراسیسر 101 استعمال کیا جائے۔ کیسپر سکائی‘ اویرا‘ اے واسٹ جیسے معروف انٹی وائرسز انسٹال کر کے انہیں اپ ڈیٹ کرتے رہنا چاہئے۔ اپنے تمام نیٹ ورکس پر فائر والز کے پیرا 2g پر سی اینڈ سی سرورز کو بلاک کر دیا جائے۔ اور سسٹم میں کمپرومائز کے انڈی کیٹرز (پیرا تھری) پائے جائیں تو فوری طور پر کمپیوٹر کو انٹرنیٹ سے ڈی کونیکٹ کر دیا جائے اور نئے سرے سے ونڈوز انسٹال کی جائیں۔ اپنے کمپیوٹرز کے تمام سافٹ ویئرز جن میں ونڈوز او ایس‘ مائیکرو سافٹ آفس‘ ان پیج پروفیشنل و غیرہ شامل ہیں کو اپ ڈیٹ کیا جائے۔ کسی بھی ای میل کو ڈاؤن لوڈ نہ کیا جائے جس کے بھیجنے والے کو آپ نہیں جانتے۔ ایسی کوئی بھی ای میل نظر آنے پر ان ای میلز پر اطلاع دی جائے۔ Eagle 1978@gmail.com اور Falcon098@writeme.com
بھارتی سافٹ ویئر