قائداعظم پاکستان کو مستحکم جمہوریت کا حامل ملک بنانا چاہتے تھے‘ مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان کو امن اور محبت کا نام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم پاکستان کو مستحکم جمہوریت کا حامل ملک بنانا چاہتے تھے۔ سکرین سے وہ غلط خبر ہٹانا ہوگی جو پاکستان کے مفاد کے خلاف اور اس کے اصل چہرے کے برعکسہے۔ دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی روشن چہرہ لانے کے لئے ستمبر میں ایشیائی فلم میلہ منعقد ہوگا۔ پہلی فلم براڈکاسٹ پالیسی کا آئندہ دو ہفتے میں اعلان کردیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جمعہ کو پاکستان کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں چار روزہ بین الاقوامی خطاطی نمائش کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ قائد نوازشریف چاہتے تھے کہ اس مرتبہ جشن آزادی مثالی اور یادگار انداز میں منایا جائے جس کے لئے وسیع تیاریاں اور پروگرام ترتیب دئیے گئے تھے۔ خطاطی کی یہ نمائش بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ دنیا میں پاکستان کی جوتصویر پیش کی جاتی ہے، پاکستان اس کے بالکل برعکس ہے۔ ستمبر میں ایشین فلم فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد پاکستان کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے۔ ثقافت دلوں اور لوگوں کو جوڑنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلی فلم براڈ کاسٹ پالیسی تیاری ہورہی ہے جس کا دو ہفتے میں اعلان کردیں گے۔ ان اقدامات سے پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے لانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطاطی کے فن کی سرکاری سطح پر سرپرستی وفروغ کے لئے اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف کیلی گرافی قائم کیاجائے گا تاکہ یہ عظیم اسلامی امانت ہماری آنے والی نسلوں کو منتقل ہو سکے۔ادیبوں، شاعروں اور اہل علم کی مالی معاونت اورلائف انشورنس جیسی مراعات کا دائرہ خطاطوں تک بڑھایاجائے گا۔