پیپلز پارٹی کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی تشکیل ‘ شیری رحمان کنونیئر مقرر
اسلام آباد( خبر نگار خصو صی )چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی خارجہ تعلقات کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کا کنونیئر سینیٹر شیری رحمان کو مقررکیاگیا ،کمیٹی میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر،سینیٹر فرحت اللہ بابر،سینیٹر سلیم مانڈوی والا،سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی ،فوزیہ حبیب، مطلوب انقلابی، پلوشہ خان، عمران ندیم اور فتح محمد حسنی شامل ہیں۔جمعہ کو چیئر مین پیپلز پارٹی کے پولیٹیکل سیکٹرجمیل سومرو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کہ مطابق سینیٹر شیری رحمان کی قیادت میںایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ شیری رحمان نے اس معاملے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پاکستان کے لئے سب سے مضبوط اور واضح خارجہ پالیسی دی ہے۔ شہیدذوالفقار بھٹو سے لیکر شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک اور صدر زردارسے لیکر آج چیئرمین بلاول بھٹو کہ دور میں پیپلزپارٹی نے خارجہ پالیسی پر واضح ایجنڈا مرتب کیے ہیں، ہم نے پاکستان اور پاکستان کے سب سے بہتر مفادات کی پالیسیز دی ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ جمہوری توانائی سے لے کر میزائیل ٹیکنالوجی کی صلاحیت تک اور گوادر پورٹ چائنہ کے حوالے کرنے جیسے اہم ترین فیصلے پی پی پی قیادت نے کیے ہیں۔ پی پی پی نے پاکستان کی سرحدوں اور پاکستان کے حاکمیت کی حفاظت کے لئے بنیادی اور تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ خارجہ تعلقات کمیٹی پارٹی کی ایک اہم کمیٹی ہوگی ۔کمیٹی موجودہ اور آئندہ آنے والے چیلنجز کو نمٹنے اورقومی ردعمل کے حوالے سے قیادت اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہوں