انتخابی افسران کی تربیت جاری‘ عام انتخابات صاف اور شفاف ہونگے‘ الیکشن کمشنر
اسلام آباد (نامہ نگار) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے کہا ہے کہ انتخابی افسران کی تربیت کے ذریعے 2018ءکے انتخابات کا انعقاد صاف اور شفاف انداز میں ہو گا۔ انتخابی افسران کی تربیت کا عمل جاری ہے، یہ افسران آئندہ کے انتخابات کے منصفانہ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں چاروں صوبوں اور سیکرٹریٹ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے الیکشن کمیشن کے ا فسران کے تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تربیتی سیشن میں الیکشن کمیشن کے 29 ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو 6 ہفتوں کی ٹریننگ مکمل ہونے پر سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کے ہمراہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دوسرے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔ الیکٹورل مینجمنٹ گروپ کا یہ چھٹا گروپ تھا جس میں الیکشن کمیشن کے افسران کو لیگل فریم ورک، حلقہ بندی، جنرل الیکشن قوانین اور نئے آنے والے قانون ”الیکشن ایکٹ 2017ئ“ سمیت کمپیوٹرائزڈ فہرستوں و دیگر اہم امور پر42 روزہ جامع تربیت دی گئی۔