پاک فوج کی قربانیوں سے انٹرنیشنل سپورٹس کے دروازے کھل رہے ہیں، ریاض پیر زادہ
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی قربانیوں کے باعث ملک میں انٹرنیشنل سپورٹس کے دروازے کھل رہے ہیں ،وقت آ گیا ہے کہ کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کرئے ،روایتی کھیلوں کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے نام پر پابندی نہ لگائی جائے ، قومی اتھلیٹس دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں ، امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا اگلا ایڈیشن پاکستان میں ہوگا ، قائداعظم گیمز کا ہر صورت انعقاد کرینگے جبکہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کی بحالی کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساوتھ ایشین گیمز اور ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے قومی میڈلسٹ کو کیش انعامات دینے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ ، پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود سمیت دیگر نے بارہویں ساوتھ ایشینز گیمز اور پانچویں ایشین بیچ گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔