ورلڈ الیون سے سیریز کیلئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لیے نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل 16 رکنی پاکستان سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے مطابق ٹیم کا انتخاب کھلاڑیوں کی حالیہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف، رومان رئیس اور عامر یامین کو انکی ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کی بنا پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سہیل خان کی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ ہوم گراونڈ پر اپنے شائقین کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد قومی ٹیم کی قیادت کرینگے دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، عمر امین، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، محمد عامر، رومان رئیس، عثمان شنواری اور سہیل خان شامل ہیں۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا 12 ستمبر کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ سیریز کا دوسرا میچ 13 جبکہ تیسرا اور آخری 15 ستمبر کو اسی مقام پر کھیلا جائیگا۔