بینظیر بھٹو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے مجوزہ نجکاری کیخلاف کنونشن اور احتجاجی واک

Apr 26, 2025

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)بینظیر بھٹو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے مجوزہ نجکاری کے خلاف کنونشن اور احتجاجی واک کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر عہدیدار، ہاس آفیسرز، پوسٹ گریجویٹس، نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکس اور دیگر شعبوں سے وابستہ عملے نے  شرکت کی،کنونشن کی صدارت صدر ڈاکٹر عارف عزیز نے کی، چیئرمین ڈاکٹر فخر منیر سیال، وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر محمد رئیس، اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد رضوان اللہ بھی موجود تھے،ڈاکٹر عارف عزیز نے کہا'یہ صرف احتجاج نہیں بلکہ بقا ء کی جنگ ہے۔ نجکاری کا مطلب عوام سے علاج چھیننا ہے، تعلیم بیچنا ہے، اور ملازمین کا معاشی قتل ہے۔ ہم کسی صورت اس ظالمانہ پالیسی کو تسلیم نہیں کریں گے۔کنونشن میں تمام شعبوں کے نمائندوں نے یک زبان ہو کر نجکاری کے خلاف آواز بلند کی اور آئندہ سخت اقدامات کے لیے آمادگی کا اظہار کیا،ریلی اسپتال کے مختلف شعبوں سے گزرتی ہوئی مرکزی گرائونڈ میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں تمام شرکا نے اتحاد، استقامت اور پرامن جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں