مقبوضہ کشمیر: مزید 2 بے گناہ کشمیری شہید، وقف قانون، غیر مقامیوں کو ڈومیسائل اجرا کیخلاف مکمل ہڑتال

Apr 26, 2025

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) بھارتی فوج نے بانڈی پورہ اور دیگر اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں شروع کی ہیں۔ قابض فورسز نے مزید دو بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی فوج نے اڑی سیکٹر میں دو نہتے شہریوں کو دن دیہاڑے شہید کر دیا۔ ذرائع کے مطابق محمد فاروق  اور محمد دین کو جعلی مقابلے کے دوران شہید کیا گیا۔ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز زیر حراست کشمیریوں اور پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں استعمال کرتی ہے۔  فوج نے بانڈی پورہ کے علاقے کلنار بازی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ ادھر ادھمپور اور کولگام اضلاع میں جمعہ کومسلسل تیسرے روز بھی بھارتی فوجیوں کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ جبکہ مقبو ضہ جموں وکشمیرمیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت قابض انتظامیہ نے دو آزادی پسند کشمیری کارکنوں کے آبائی رہائشی مکانات کو تباہ کر دیا ہے۔ آصف شیخ اور عادل ٹھوکر کے گھروں کو بھارتی  فورسز نے بارود سے تباہ کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ اگر بھارتی حکومت کہتی ہے کہ حملہ پاکستان نے کیا ہے تو پھر بھارتی  ریاستوں میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں بشمول طلبہ کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا فوری نوٹس لیں کیونکہ اس کشیدگی کے باعث دونوں ہمسایہ جوہری طاقتیں بھارت اور پاکستان جنگ کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔ دوسری جانب  بھارت کے متنازع وقف ترمیمی قانون اور غیرمقامیوں کو ڈومیسائل دینے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی  گئی جبکہ مودی حکومت کے مذموم منصوبوں کے خلاف سری نگر میں احتجاجی مارچ کیا گیا۔ حریت کانفرنس کا کہنا ہے  وقف ترمیمی قانون کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کے سیاسی، مذہبی اور سماجی تشخص پر حملہ ہے۔ بھارت فالس فلیگ آپریشنوں کے ذریعے تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر بھارت ا پنے مذموم منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں  اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

مزیدخبریں