تحریک انصاف کا یوم تاسیس، گنڈاپور، بیرسٹر گوہر، عمر ایوب دیگر کی شرکت 

Apr 26, 2025

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے 29ویں یوم تاسیس کے موقع پر کے پی کے ہائوس میں تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر اعلی کے پی کے علی امین گنڈاپور، چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان، سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، زرتاج گل، عمیر نیازی، شہریار خان آفریدی، شوکت بسرا، نعیم پنجوتھہ سمیت دیگر شریکِ تھے۔ یوم تاسیس کے موقع پر متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ آج 25   اپریل کو یوم تاسیس  9 مئی اور 26  نومبر کے شہداء اور ملک میں  حقیقی آزادی و جمہوریت کی جدوجہد کیلئے قید سیاسی اسیران کے نام کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سمیت تمام  سیاسی اسیران کی رہائی اور  مینڈیٹ کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔  گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے 29 ویں یوم تاسیس کے موقع پر  پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز نے پارلیمنٹ ہاؤس سے اسلام آباد ہائیکورٹ تک واک کی اور بعد ازاں کے پی کے ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ اپنے ملک کیلئے دعا گو ہیں، اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور ہر قسم کے امتحان و آزمائش سے محفوظ رکھے۔  قرارداد میں حالیہ بھارتی اقدامات و الزامات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ماضی کی طرح آج بھی پوری قوم اپنے ملک کے دفاع کیلئے پاک افواج کے ساتھ پوری طرح پرعزم ہے۔

مزیدخبریں