سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے اننت ناگ میں فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔ کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے تلاشی کے بہانے خواتین، بچوں کو گھروں سے نکال دیا۔
بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے باندی پورہ اور شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 7 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔