بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کی توسیع ترجیحات میں شامل ہے: قائم مقام چینی سفیر
سرگودھا (نامہ نگار) سی پیک منصوبہ میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے بھی وسیع مواقع موجود ہیں، گریجویٹ طلبہ کو چاہیے کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ چین دوست ممالک اور خطے میں پائیدار ترقی کیلئے متحرک ہونے کے علاوہ پوری دنیا کی فلاح و بہبود کیلئے بھی کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان میں چین کے قائم مقام سفیر زائو لی جیانگ نے سرگودھا یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے علم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے حدیث کا حوالہ دیا کہ’’ علم حاصل کرو خواہ اس کیلئے تمہیں چین کا سفر ہی کیوں نہ کرنا پڑے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک منصوبہ کے تحت انفراسٹرکچر کی تعمیر، انڈسٹریل زونز کا قیام اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کی توسیع ترجیحات میں شامل ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو اس وقت مخدوش حالات اور بحرانوں کا سامنا ہے، اپنے پیارے وطن کو اندرونی و بیرونی خطرات اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے پڑھے لکھے نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا۔