پاکستان سپورٹس بورڈ کی لوزان معاہدہ کی خلاف ورزی: لیگل ٹیبل ٹینس ٹیم کو ورلڈ چیمپیئن شپ میں شرکت سے روک دیا گیا،پی او اے اور پی ٹی ٹی ایف کا احتجاج
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایک مرتبہ پھر لوزان معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں غیر قانونی کھیلوں کی تنظیموں کی سپورٹس شروع کر دی ہے جس کی بنا پر پاکستان کی لیگل ٹیبل ٹینس ٹیم کو ورلڈ چیمپیئن شپ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے وضاحت کی ہے کہ لوزان معاہدہ کے تحت صرف ان کھیلوں کی تنظیموں کو پاکستان میں مانا جائے گا جس کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اس کی انٹرنیشنل باڈی تسلیم کرتی ہو۔ پاکستان میں ایس ایم سبطین کی زیر نگرانی کام کرنے والی پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کو انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن اور پی او اے مانتی ہے۔ ایسے میں پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے ایک ایسی باڈی کو تسلیم کرنا جو الیکشن میں شکست کھا چکی ہے۔ لوزان میں پاکستان حکومت اور آئی او سی کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم کے کھلاڑیوں کو ورلڈ چیمپیئن شپ میں شرکت سے روکنا غیر قانونی اقدام ہے جو اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی بھی ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے دنیا میں پاکستان خاص طور پر کھلاڑیوں کی بدنامی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس معاملے کو آئی او سی اتھلیٹ کمیشن سمیت کسی بھی بین الاقوامی فورم میں اٹھایا گیا تو اس سے پاکستان کی بدنامی ہوگی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے جعلی پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم کو مالدیپ میں ہونے ساوتھ ایشین جونیئر کیڈٹ اینڈ ہوپس ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے گئی تھی۔ جو حکومت پاکستان، آئی او سی، او سی اے، اے ایس او آئی ایف اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن معاہدہ کی خلاف ورزی ہے۔ لہذا حکومت پاکستان اور پاکستان سپورٹس بورڈ غیر قانونی پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی سرگرمیوں کا ایکشن لیکر انہیں آئی او سی چارٹر پر عمل کرنے کا پابند بنائیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے سویڈن جانے والی پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم کو لاہور ائر پورٹ پر روک لیا گیا۔ ویزوں کیساتھ وزارت داخلہ کا لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے ایف آئی اے اور امیگریشن حکام نے کھلاڑیوں کو واپس گھر بھیج دیا تھا۔ پاکستان کی چھ رکنی ٹیبل ٹینس ٹیم کو سویڈن میں 29 اپریل سے 6 مئی تک ہونے والے ورلڈ چمپئن شپ میں شرکت کے لئے براستہ دبئی سویڈن روانہ ہونا تھا۔