آن لائن ٹیکس ادائیگی سے وقت اور سرمایہ دونوں کی بچت ہوگی: ملک طاہر
لاہور(کامرس رپورٹر) ٹیکس دہندگان کو آن لائن ٹیکس ادائیگی کے سسٹم سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ اس سے ان کے قیمتی وقت اور سرمائے دونوں کی بچت ہوگی، اس سسٹم کے ذریعے ٹیکس دہندگان کے لئے انکم ٹیکس ، سیلز ٹیکس، کسٹم ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹیز وغیرہ کی ادائیگی بغیر کسی بینک یا متعلقہ دفاتر جائے بغیرکرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، ایڈیشنل چیف مینیجر ،سٹیٹ بینک آف پاکستان عنصر افتخار بٹ، ایڈیشنل کولیکٹر کسٹمز راشد مُنیر، فوزیہ اسلم و دیگر ماہرین نے لاہور چیمبر میں "آن لائن کولیکشن آف گورنمنٹ ٹیکسز اینڈ ڈیوٹیز" کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ماہرین کے مطابق بزنس کمیونٹی کو اس سسٹم سے پورا پورا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے ٹیکسز اور ڈیوٹیز کو آن لائن ادا کرنے چاہیے ، حکومت اور نجی شعبہ دونوں کو اس سسٹم کی کامیابی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ آن لائن سسٹم کی کامیابی سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس اکٹھا کرنے والوں کے مابین دوستانہ تعلقات قائم ہوں گے۔