حامد سعید کاظمی کے اکاؤنٹس منجمد کر نے پر اسلام آباد ہائیکورٹ برہم
اسلام آباد(آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کے اکائونٹ منجمد کئے جانے کے حوالے سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے حکام سے جواب طلب کرلیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے سابق وفاقی وزیر کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایف آئی اے انسپکٹر غضنفر احمد عدالت میں پیش ہوئے۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے ہائی کورٹ سے بریت کے باوجود حامد سعید کاظمی کے اکائونٹس کو منجمد نہیں کیا جاسکتا ۔ ایف آئی اے جب چاہے کسی کے فنڈز فریز کیسے کرسکتی ہے ۔ بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے متوی کردی ۔