موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی میں اشاروں کی زبان کا کورس مکمل
اسلام آباد(خبر نگار)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی میں اشاروں کی زبان کا کورس مکمل کرنے والے افسران میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے حوالے سے ایک اہم تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی( آپریشنز) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس عباس احسن تھے، ایس پی ہیڈ کواٹر عدیل شہزاد،سی پی او روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سعیدہ اسلم، سی پی او ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی انعام الٰہی کے علاوہ موٹروے پولیس کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ اشاروں کے زبان کے ترجمان فلک تنویر نے موٹروے پولیس کے افسران کو اشاروں کی زبان کی ٹریننگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشز ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس عباس احسن نے کہا کہ موٹروے پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں گونگے اور بہرے افراد کے لئے سیٹوں کے لئے مخصوص کوٹے کو یقینی بنا رہے ہیں۔ گونگے اور بہرے افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیںاور موٹروے پولیس باہمی ہم آہنگی کیلئے مزیدکوششیں جاری رکھے گی اور سماعت و گویائی سے محروم بچوں کے اسکولوں میں موبائل ایجوکیشن یونٹس کے ذریعے اشاروں کے زبان کے ماہر افسران روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گونگے اور بہرے افراد معاشرے کی فلاح و بہود میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔