پہلی ٹور دی خنجراب سائیکل ریس 11 مئی کو گلگت بلتستان میں شروع ہوگی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) حکومت گلگت بلتستان پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے اشتراک سے پہلی ٹور دی خنجراب سائیکل ریس 11 سے 14 مئی تک گلگت بلتستان میں ہوگی۔ کمشنر گلگت ڈویژن اور چیف آرگنائزر ٹور دی خنجراب سایکل ریس عثمان احمد کے مطابق اس ایونٹ میں قومی سطح کے سایکلسٹس سمیت بین الاقوامی سائیکلسٹس شرکت کریں گے ۔تین مختلف ممالک افغانستان، برطانیہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے ایونٹ میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے ، ابھی تک قومی سطح کی 9 ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کی تاہم رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ 11 مئی کو گلگت سے شروع ہوگا ، یہ مرحلہ ضلع نگر کے تفریحی مقام راکاپوشی پر مکمل ہوگا۔ دوسرا مرحلہ پاسو ہنزہ میں مکمل ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری مرحلہ سوست ہنزہ سے شروع ہوگا اور خنجراب کی پہاڑیوں پر مکمل ہوگا۔