شاہدرہ میں سسرالیوں کے ہاتھوں جھلس کر دم توڑنے والی خاتون کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار نہ ہوسکے، چھاپے جاری
لاہور (سٹاف رپو رٹر)تھانہ شاہدرہ کے علاقہ معراج پارک میں سسرالیوں کے ہاتھوں جھلس کر ہلاک ہونیوالی خاتون کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا پولیس کاکہنا ہے کہ تمام ملزمان گھر کو تالا لگا کر فرار ہوگئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ملزمان کے قریب پہنچ چکے ہیں، جلد گرفتار کر لیا جائیگا معلوم ہوا ہے کہ منگل کے روز فیروز والا بیگم کوٹ شاہدرہ کے علاقے معراج پارک میں فوزیہ شوکت نامی 24سالہ خاتون کو گزشتہ روز سسرالیوں نے پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی۔ فوزیہ کو گزشتہ روز شدید تشویشناک حالت میں لاہور کے میو ہسپتال لایا گیا تھا۔ آگ لگنے کے باعث فوزیہ کا 90فیصد جسم جل چکا تھا۔ ڈاکٹروں نے خاتون کو بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی۔ فوزیہ نے اپنے آخری بیان میں خود کو جلانے کا ذمہ دار اپنی ساس ، جیٹھانی اور دیوروں کو قرار دیا تھا۔ تھانہ شاہدرہ پولیس نے فوزیہ کے بیان پر اس کے جیٹھ اکرام ،جاوید، سحر اور ساس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا لیکن ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔