کراچی: طالب علم کو ڈاکو قرا ر دے کر مارنے کی تحقیقات شروع
کراچی (کرائم رپورٹر) گلستان جوہر پولیس نے طالب علم کو ڈاکو قرار دے کر مارنے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔ واقعہ 18 اپریل کو منور چورنگی پر پیش آیا تھا جس میں تشدد کے نتیجے میں آٹھویں جماعت کے طالب علم علی رضا کی موت واقع ہوئی جبکہ اس کا دوست ساتویں جماعت کا طالب علم ساجد زخمی ہوا تھا۔ زخمی ساجد کے مطابق ان کا ایک کار سوار سے جھگڑا ہوا تھا جس نے ہم پر ڈاکو ہونے کا الزام لگایا اور لوگوں کیساتھ مل کر بہیمانہ تشدد کیا بعد میں رینجرز نے موقع پر پہنچ کر علی رضا اور ساجد کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں اگلے روز علی رضا نے دم توڑ دیا۔ ساجد کے اس بیان اور مقتول علی رضا کے ماموں کی رپورٹ پر پولیس نے مذکورہ واقعے کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہے۔