تاجروںنے کے الیکٹرک کے خلاف 27 اپریل کی ہڑتال کی حمایت کرد ی
کراچی(کامرس رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر مفسر عطا ملک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ،ملاقات میں کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے مسلسل کی جانے والی اذیت ناک لوڈشیڈنگ اور شہر میں پانی کی قلت کے باعث پیدا ہو نے والی سنگین صورتحال بالخصوص تاجروں و صنعتکاروں ،کاروبار اور انڈسٹری کو در پیش مسائل پر تبادلہ ٔ خیال کیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے ان بڑے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی عوامی و احتجاجی تحریک اور جدو جہد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ جدو جہد جاری رہے گی ۔مفسر عطا ملک اور چیمبر کے دیگر عہدیداران نے جماعت اسلامی کی جدو جہد اور احتجاج کی تائید اور حمایت کر تے ہوئے کہا کہ بجلی اور پانی کے مسائل حل ہو نا چاہیئے ،اسی طرح شہر میں کارو بار اور صنعتیں ترقی کر سکتی ہیں ۔ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری انجینئر عبد العزیز ،پاکستان بزنس فورم کے صدرشکیل ہاشمی ،بزنس فورم کے دیگر رہنما خلیفہ انوار ،لیاقت عبد اللہ ،ذکر یا محنتی ،کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے چیئر مین عمران شاہد اور دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے اسے قومی تحویل میں لیا جائے اور گزشتہ 10سالوں کا حساب لیا جائے پھر فیصلہ کیا جائے کہ کراچی میں بجلی کے نظام کو کتنی کمپنیوں کے حوالے کر نا ہے ۔کراچی میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ ،اووربلنگ اور کراچی کے عوام کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے توہین آمیز الفاظ استعمال کر نے پر تاجر برادری نے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔جمعہ 27اپریل کی ہڑتال کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ، آج کراچی کی 75سے زائد ایسوسی ایشنز اور ٹریڈ باڈیز نے کراچی پریس کلب میں ہونے والے اجلاس میں ہڑتال کی اپیل کو تاجروں کے دل کی آواز قرار دیا اور اس کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد کی صدارت میں ہو نے والے اجلاس میں مختلف الخیال ٹریڈرز نے شر کت کر کے اپنے لا زوال اتحاد کا مظاہرہ کیا اور 27اپریل کو کراچی بند رکھنے کا رضا کارانہ فیصلہ کیا۔ اجلاس سے جماعت اسلامی جنوبی کے امیر عبد الرشید نے خطاب کر تے ہوئے تاجر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کا مسئلہ غریب عوام اور تاجروں کا مسئلہ ہے۔ دنیا میں یہ طریقہ رائج ہے کہ جب کوئی چیز زیادہ مقدار میں خریدی جاتی ہے تو وہ سستی ملتی ہے مگر پاکستان میں جب صارف زیادہ بجلی استعمال کر تا ہے تو اس سے ڈبل ریٹ وصول کیے جاتے ہیں۔ہم اس ظلم کے خلاف بھر پور تحریک چلا رہے ہیں۔محمود حامد نے کہا کہ یہ بڑی خوشی اور مسرت کی بات ہے کہ آج کراچی کی مختلف الخیال ایسوسی ایشن کے الیکٹرک کے ظلم کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو گئی ہیں۔ہمارا یہ اتحاد ہماری کامیابی کی نوید دے رہا ہے۔کے الیکٹرک جو کراچی کے عوام کی ملکیت تھی اسے 16ارب روپے میں فروخت کیا گیا جو کہ اس کے کھمبوں کی قیمت بھی نہیں ،اس کے تانبے کے تاروں کو 70ارب روپے میں بیچ کر کے الیکٹرک کو کھو کھلا کر دیا گیا اب اس ادارے کو 130ارب روپے میں چینی کمپنی کو فروخت کر نے کی منصوبہ بندی ہے۔عوام کا خون نچوڑ کرکے الیکٹرک نے 130ارب روپے منافع کمایا مگر عوام اور تاجروں کے لیے جینا مشکل کر دیا گیا ہے ،ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے تاجروں کو 38ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شر جیل گوبلانی ،بزنس فورم کے رہنما خلیفہ انوار ،اسمال ٹریڈرز کراچی کے نائب صدر عثمان شریف ،کراچی تاجر اتحاد کے صدر اور لیاقت آباد ٹریڈرز کے رہنما انصار بیگ قادری ،اک سر زمین پارٹی کے رہنما و چیئر مین اسٹار سٹی مال محمد عمران رشید نے بھی ہڑ تال کی حمایت کا اعلان کیا ۔اجلاس میں ناز پلازہ الیکٹرونکس مارکیٹ کے رہنما نوید احمد ،اسمال ٹریڈرز اوڈینئن سینٹر کے صدر راجا ریحان ،میرٹ روڈ ٹریڈرز کے صدر احمد شمسی ،میٹھا در مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعیم ذکی ،کراچی بیٹری ایسو سی ایشن کے صدر سیف الرحمن ،آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے صدر جاوید حاجی عبد اللہ ،جامع کلاتھ مارکیٹ کے رہنما سلیم راجپوت ،پاکستان پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف ،کپڑا مارکیٹ بولٹن مارکیٹ کے رہنما ناصر انصاری ،سندھ تاجر اتحاد کے رہنما کاشف صابرانی ،لیاقت آباد اسٹیل مارکیٹ کے رہنما عبد الماجد ،ناظم آباد پرنٹرز ایسو سی ایشن کے صدر زاہد حسین ،تاجران قائد آباد کے صدر شوکت ربانی ،بوھرا پیر ٹریڈرز کے رہنما زبیر علی خان ،ایم اے جناح روڈ اسپورٹس مارکیٹ کے صدر ملک سلیم ، فیصل ابراہیم ،صدر بوہری بازار کے رہنما محمد علیم ،صدر ٹریڈرز الائنس کے رہنما فہیم نوری اور محمد ربان ،گارمنٹ ایسو سی ایشن کے رہنما عبد الماجد ،بولٹن مارکیٹ کے رہنما عمران میمن ،سولجر بازار KMCمارکیٹ کے صدر عبد الغفار موتی والا، پاکستان بزنس فورم کے صدر شکیل ہاشمی ،جوڑیا بازار کے سابق صدر جعفر کوڑیا ،معین اسٹیل مارکیٹ کے رہنما چوہدری محمد ایوب ،لیاقت آباد ٹریڈرز الائنس کے رہنما بابر بنگش اور دیگر نے شر کت کی۔