ایف آئی اے حکام نے لاہور ائر پورٹ سے 9 مسافر گرفتار کر لئے
لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ائر پورٹ پر 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دبئی سے آنے والے مسافر فدا حسین کو ہٹ لسٹ میں کوائف میچ کرنے پر گرفتار کرکے گجرات پولیس کو ملزم کی گرفتاری کے متعلق آگاہ کر دیا۔ دبئی سے آنے والے مسافر فرہان علی کو بھی دھر لیا۔ فرہان علی غیر قانونی طور پر باڈر کراسنگ کے ذریعے ایران، مسقط، دبئی پہنچا تھا۔ تھائی ائیر ویز کی پرواز 345سے ہانگ کانگ سے آنے والے تین مسافروں عادل بشیر، محمد عثمان اور محمد عثمان بٹ کو گرفتار کیا یہ تینوں بھی غیر قانوی طور پر باڈر کراسنگ کرکے بیرون ملک گئے تھے۔ چوتھی کارروائی میں جرمنی سے لاہور پہنچنے والے نجم علی کوگرفتار کیا گیا۔ نجم علی کو جرمنی سے بے دخل کیا گیا تھا۔ پانچویں کارروائی میں سائوتھ افریقہ سے لاہور پہنچنے والے قاسم عبید کو گرفتار کیا گیا۔ وہ 2010 میں تنزانیہ کے راستے غیر قانونی طور پر جنوبی افریقہ داخل ہوا تھا۔ چھٹی کارروائی میں تصور مسعود کوگرفتار کیا گیا۔ ساتویں کارروائی میں بارسلونا سے بے دخل کئے جانیوالے قمر غفور کو لاہور پہنچنے پر گرفتار کیا گیا وہ 2007ء میں دبئی براستہ بارسلونا پہنچا۔ وہاں پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں پکڑا گیا۔ ایف آئی اے نے لاہور پہنچنے والے تمام افراد کو گرفتارکرکے مقدمات درج کر لیے ہیں۔