روپیہ سنبھل نہ سکا‘ڈالرکی قیمت میں مسلسل اضافہ
کراچی (کامرس رپورٹر)مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے سامنے پاکستانی روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے،بدھ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر روپے کی قدر کو گراتا ہوا119روپے کے انتہائی قریب پہنچ گیا ۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گذشتہ روز مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر میں مزید30پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت خرید 118.30روپے سے بڑھ کر118.60روپے اور قیمت فروخت 118.60 روپے سے بڑھ کر118.90روپے ہو گئی اسی طرح 25 پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 164.50روپے سے بڑھ کر164.75روپے اور قیمت فروخت166روپے سے بڑھ کر166.25 روپے پر جا پہنچی تاہم یورو کی قیمت خرید 144روپے اور قیمت فروخت 145.50 روپے پر بدستور برقرار رہی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 4 پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 115.62 روپے سے کم ہو کر115.62 روپے اور قیمت فروخت 115.72روپے سے کم ہو کر115.68روپے ہو گئی ۔