شیخ رشید کی لال حویلی اور حنیف عباسی کی پولیس سیکورٹی بھی ختم کر دی گئی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی کے رکن شیخ رشید احمد کی سیکیورٹی کیلئے دی گئی پولیس موبائل کے بعد لال حویلی سے بھی پولیس گارڈ واپس بلا لی گئی ہے۔ چیف جسٹس کے حکم پر متعدد شخصیات کیلئے سیکورٹی پر تعینات پولیس واپس بلائے جانے کے سلسلے میں چار روز قبل شیخ رشید کے ساتھ تعینات پولیس موبائل واپس بلا لی گئی تھی جبکہ بدھ کے روز لال حویلی کے باہر چار پولیس اہلکاروں پر مشتمل گارڈ بھی واپس بلا لی گئی ہے۔ لال حویلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید احمد نے کبھی بھی حکومت سے اپنے یا لال حویلی کیلئے سیکورٹی نہیں مانگی تھی وہ اب بھی تن تنہا اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ جبکہ لال حویلی گنجان آباد اور انتہائی رش کے کمرشل اور رہائشی علاقے میں واقع ہے جہاں پر پولیس گارڈ واپس بلا لی گئی ہے۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد حنیف عباسی کی سیکیورٹی کیلئے تعینات پولیس موبائل اور ان کی رہائش گاہ پر ڈیوٹی دینے والا کانسٹیبل بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔ حنیف عباسی کے معاون شیخ محمود نے نوائے وقت کے استفسار پر بتایا کہ 2013 ءکے عام انتخابات کے بعد حنیف عباسی کو دی گئی سیکیورٹی چند روز قبل واپس بلا لی گئی تھی۔
لال حویلی