وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی کا سائز بڑھا کر 1030 کر دیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی کے سائز میں اضافہ کر دیا ہے اور اسے حتمی شکل دیدی ہے۔ قومی اقتصادی کونسل میں پیش کئے جانے والے ورکنگ پیپر کے مطابق مجوزہ پی ایس ڈی پی کا سائز 750 ارب روپے سے بڑھا کر 1030 ارب روپے کر دیا گیا جبکہ اے پی سی سی نے سفارش کی تھی کہ وفاقی ترقیاتی پروگرام کا سائز 1300 ارب روپے کیا جائے۔ این ای سی میں مجموعی طور پر 2043 ارب روپے کا ترقیاتی منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔ اس میں 1030 ارب روپے وفاقی اور 1013 ارب روپے صوبوں کے ترقیاتی پروگرام کے تحت ہیں۔ اس پیپر کے مطابق ترقیاتی منصوبے میں 180 ارب روپے زرمبادلہ کی شکل میں آئیں گے۔ 100 ارب روپے نجی و سرکاری شراکت کی بنیاد پر منصوبوں کے لئے رکھے گئے ہیں۔ ترقیاتی رقوم کا سب سے بڑا حصہ مواصلات کو دیا گیا ہے۔ اس کے بعد رقم ٹی ڈی پیز اور سیکورٹی کے منصوبوں کے لئے رکھی گئی ہے۔ مواصلات کے لئے 400 ارب روپے رکھے گئے۔ ان میں سے 310 ارب روپے این ایچ اے کے تحت ہیں۔ 39 ارب روپے ریلویز‘ 44 ارب روپے ایوی ایشن کے لئے رکھے گئے اس کے تحت گوادر ائرپورٹ بنے گا۔ آئندہ مالی سال میں 835 ارب روپے کے سی پیک یا اس کے معاون منصوبے ہیں۔ اس میں گوادر کی ترقی کے لئے 137 ارب روپے مختص ہوئے ہیں۔ پانی کے سیکٹر کے لئے 65 ارب روپے‘ بھاشا ڈیم کے لئے 23 ارب‘ مہمند ڈیم کے لئے 2 ارب روپے رکھے گئے۔ پاور سیکٹر کے لئے 80 ارب روپے رکھے گئے۔ تعلیم کے مقاصد کے لئے 57 ارب روپے‘ ایرا کے لئے 8 ارب روپے رکھے گئے۔