وکٹیں گرانے والوں کو احساس ہونا چاہئے سسٹم‘ جمہوری عمل کی وکٹ نہ گر جائے: رانا ثناء
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران کی کیا اوقات ہے وہ وکٹیں گرائیں، سب کو معلوم ہے کوششیں کہاں سے کی جا رہی ہیں، وکٹیں گرانے والوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہئے کہ کہیں سسٹم اور جمہوری عمل کی وکٹ نہ گر جائے، دوسرے صوبوں نے بجٹ پیش کیا تو پنجاب بڑا بھائی ہونے کے ناطے بجٹ ضرور پیش کرے گا، اپوزیشن نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے اچھا نام دیا تو اس پر اتفاق کیا جا سکتا ہے اور ہم پہلے اپوزیشن کے نام کا انتظار کریں گے، چوہدری نثار کی عزت و احترام میں کوئی فرق پڑا ہے اور نہ پڑے گا، وہ کبھی پی ٹی آئی میں نہیں جائیں گے، پنجاب کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کل وفاقی بجٹ کے بعد کیا جائے گا جبکہ چارماہ کا بجٹ تو ہر صورت پیش کرنا ہی پڑے گا، عمران خان اور پنکی پیر کے آپس میں تو ستارے ملتے ہیں لیکن دونوں کے ستارے پاکستان سے نہیں ملتے اور وہ یہ ستارے اپنے پاس رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کے ساتھ پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پانچ برس میں کام کرنے کا جوسلسلہ متعارف کرایا ہے امید ہے کہ وہ نئے آنے والوں کے لئے ایک مثال ہوگا۔ نگران وزیراعلیٰ کے حوالے سے قائد حزب اختلاف سے بات ہوئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس حوالے سے میل ملاقات رہنی چاہئے۔ پارٹی کے اندر کوئی تفریق یا تقسیم نہیں،مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے جو بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لینے جا رہی ہے اور تمام طاقتوں کو عوامی طاقت سے شکست دے کر عوام کے ووٹ کو عزت دینے کے فیصلے پر مہر ثبت کرے گی۔ پشتون محاذ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب سیاسی جماعتوں اور مقبول سیاسی قیادت کو کمزور کیا جاتا ہے اور جتھے بنائے جاتے ہیں تو کچھ جتھے خود بخود بن جاتے ہیں، پشتون محاذ کو ایک سیاسی گروپ کے طور پر دیکھتا ہوں تاہم ان کے اقدام ملک اور ریاست کیلئے درست نہیں۔